نئی دہلی،5جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے نتیش کمار پر بدعنوانی کا الزام لگانے والے درخواست کنندہ پر 1لاکھ کا جرمانہ برقرار رکھا۔کورٹ نے درخواست کنندہ کی ازسرنوجائزہ درخواست مسترد کرتے ہوئے 1ہفتے کے اندر جرمانہ دینے کا حکم دیا۔غور طلب ہے کہ متھلیش کمار سنگھ نے گزشتہ سال سلیپر گھوٹالے کا الزام لگاتے ہوئے سی بی آئی جانچ کی مانگ کی ہدایات دینے کے لئے درخواست داخل کی تھی۔کورٹ نے درخواست مسترد کر دی تھی اور کہا تھا کہ اس میں کوئی میرٹ نہیں ہے،پٹیشن بے وجہ دائر کی گئی ہے۔سپریم کورٹ نے عرضی خارج کرنے کے ساتھ ساتھ درخواست گزار کو بے وجہ عدالت کا قیمتی وقت برباد کرنے کے لئے 1 لاکھ کا جرمانہ بھی لگایا تھا۔اس سے پہلے پیر کو بھی ایک اور کیس میں سپریم کورٹ نے کرناٹک کی منی اسمبلی کو منتقل کرنے سے متعلق عرضی داخل کرنے والے درخواست کنندہ پر بے وجہ عدالت کا وقت برباد کرنے کے لئے 25لاکھ کا جرمانہ لگایا تھا۔
فضول کی عرضی دائر کرنے والوں پر سپریم کورٹ مسلسل سختی برت رہا ہے۔گزشتہ فروری ماہ میں بہار کے ہی ایک معاملے میں سپریم کورٹ نے پٹنہ ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے کے لئے آر جے ڈی ممبر اسمبلی رویندر سنگھ پر 10لاکھ روپے کا جرمانہ عائدکیاتھا۔پٹنہ ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں سنگھ کی اس عرضی کو مسترد کر دیا تھا، جس میں انہوں نے 1994میں ایک مقامی زبان کی ایک میگزین میں شائع ایک مضمون کی حقیقت پر سوال اٹھایا تھا۔